اس بیان میں پارا چنار کی مکمل صورتحال کا احاطہ موجود نہیں، ممتاز زہرا بلوچ
اسلام آباد(تہذیب ڈیجیٹل میڈیا) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاراچنار پر ایرانی بیان غیر ضروری ہے۔ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ایران کا دورہ کیا جہاں ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی اور ایرانی قیادت کو تہنیتی پیغامات بھی پیش کیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی علاقے میں جارحیت اور لبنان پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ عالمی قوانین، اقوام متحدہ اور لبنان کی سالمیت و خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیل کی خطرناک جارحیت سے خطے کا امن خطرے میں ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کا قتل اسرائیلی جارحیت ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور اسماعیل ہانیہ کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، اسماعیل ہنیانہ کو شہید کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، اسرائیل کے نئے ایڈوینچرازم سے جنگ کو تقویت ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے پیر کے روز جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک سیاہ دن کی برسی ہے، 5 اگست 2019 کو بھارت نے جمون و کشمیر کا یک طرفہ و غیر قانونی طور پر اسٹیٹس تبدیل کیا، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی امداد جاری رکھے گا۔