قومی ٹیم کے پلئیرز نے آخری ٹیسٹ میچ رواں برس جنوری میں کھیلا تھا
اسلا م آباد(تہذیب ڈیجیٹل میڈیا)بنگلادیش اے کے خلاف آئندہ چار روزہ سیریز میں شاہینز کی نمائندگی کیلئے متعدد انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کی تجویز سامنے آگئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہینز کے اسکواڈ میں اہم پاکستانی کرکٹرز کو کھلانے کا مقصد رواں ماہ بنگلادیش کیخلاف 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کی تیاری کروانا ہے۔حال ہی میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی موجودگی میں کرکٹنگ معاملات دیکھنے والے سابق کپتان وقار یونس نے یہ تجویز پیش کی ہے۔دوسری جانب ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد بابراعظم، محمد رضوان سمیت کئی بڑے ناموں نے تربیتی کیمپ جوائن کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے تاہم سلیکٹرز محمد یوسف اور اسد شفیق کپتان شان مسعود اور ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی کی مشاورت سے جلد ٹیسٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دینے والے وقار یونس نے لاہور میں اپنی پہلی میٹنگ کی، جہاں پاکستان شاہینز کے لیے سلیکشن پالیسی کا جائزہ لیا۔