انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی 20اگست تک جمع کرائی جاسکتے ہیں، امیدواروں کی لسٹ 21 اگست کو شائع کی جائے گی،الیکشن کمیشن حکام
اسلام آباد(تہذیب ڈیجیٹل میڈیا)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 29ستمبر کو ہوگی جبکہ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی 20اگست تک جمع کرائی جاسکتے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ امیدواروں کیلئے کاغذات نامزدگیاں جمع کروانے کیلئے چار روز دئیے گئے ہیں۔امیدواروں کی لسٹ 21 اگست کو شائع کی جائے گی۔ کاغذات نامزدیوں کی جانچ پڑتال 22 سے 26 اگست تک کی جائے گی جبکہ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 26 سے 29 اگست تک اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایپلٹ ٹریبونلز تین ستمبر تک اپیلوں پر فیصلہ ہی کریں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست چار ستمبر کو شائع کی جائے گی۔امیدواروں کو انتخابی نشانات 6 ستمبر کو الاٹ کئے جائیں گے۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 29 ستمبر کو اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کرانے کی یقین دہانی کرادی گئی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس میں سماعت کی تھی جس میں اہم پیش رفت سامنے آئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے 29 ستمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی یقین دہانی کرادی تھی۔دوران سماعت الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا تھاکہ انتخابات کیلئے الیکشن ایکٹ میں ترمیم بھی ضروری ہے۔ مخصوص نشستوں سے متعلق معاملات بھی کلیئر نہیں ہیں۔اگلے دو ہفتوں میں نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔عدالت نے کہا تھاکہ سماعت چھٹیوں کے بعد ہوگی، اگر کوئی مسئلہ ہوتا ہے تو سی ایم دائر کردی جائے، ایم سی آئی کی آمدن اور اخراجات کی مکمل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرادی گئی تھی۔بعد ازاں الیکشن کمیشن کی جانب سے 29 ستمبر کو اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کرانے کی یقین دہانی کرانے کے بعد کیس کی سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی تھی۔