راولپنڈی(تہذیب ڈیجٹیل میڈیا) اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر علاقوں میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔ملک بھر میں انسداد منشیات کے لیے اے این ایف کی کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران 5 مختلف آپریشنز میں 27 کلو منشیات برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک کوریئر آفس کے ذریعے آسٹریلیا بھیجنے کے لیے جمع کروائے گئے پارسل سے 400 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح جڑواں شہر راولپنڈی میں بس اسٹینڈ کے قریب گاڑی سے 20.4 کلو چرس برآمد کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔اسلام آباد ہی میں ایم ون موٹر وے پر 2 ملزمان سے ایک کلو افیون اور 2 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ سیالکوٹ میں ڈسکہ کے قریب ملزم سے 2.4 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ ادھر لاہور میں بندر روڈ کے قریب ملزم سے 510 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔اے این ایف نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
32