اسلام آباد(تہذیب ڈیجیٹل میڈیا) ملک بھر کے تاجروں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے نافذ کردہ تاجر دوست اسکیم کو مسترد کرتے ہوئے ملک بھر میں احتجاج اور شٹر ڈاون ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ایف بی آر کی طرف سے تاجر دوست اسکیم کے نفاذ کیلئے جاری کردہ رولز کے نوٹیفکیشن پر ردعمل دیتے ہوئے آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آبادکے صدر اجمل بلوچ، آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری جنرل یاسین مینگل،خیبر پختون کے صدر ملک مہر الہی، سندھ کے صدر عبدالقیوم قریشی، سندھ تاجر اتحاد کے چیرمین جمیل پراچہ، کراچی کے صدر شرجیل گوپلانی، بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ،پنجاب کے قائم مقام صدر جاوید بٹ، جنوبی پنجاب کے صدر طارق کریم، آزاد کشمیر کے صدر افتخار فیروز راولپنڈی کے قائم مقام صدر ندیم شیخ اور نائب صدر طارق جدون راولپنڈی کینٹ کے صدر شیخ حفیظ اور آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری اطلاعات خالد محمود چوہدری نے مشرکہ بیان دیا۔اپنے مشترکہ بیان میں تاجر رہنماں نے کہا کہ پاکستان بھر کی تاجر برادری ایف بی آر کی طرف سے تاجر دوست ٹیکس ویلویشن ٹیبل کو یکسر مسترد کرتی ہے اور ایف بی آر سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر ایس آر او واپس لے ورنہ پاکستان بھر کا شٹرڈاون کر دیں گے۔ یہ ایس آر او کسی بھی صورت میں قابل عمل نہیں ہے۔تاجر رہنما نے کہا کہ ہم نے تجاویز دیں تھیں ان پر غور ہی نہیں کیا گیا جبکہ ان تجاویز پر ایف بی آر کی طرف سے مقرر کردہ کوارڈنیٹرز کا بھی اتفاق تھا۔ لیکن ایف بی آر کے اعلی افسران نے اپنے ہی مقرر کردہی کوارڈنیٹرز کی تجاویز کو کوئی اہمیت نہ دی۔ امید ہے تاجروں کے کوارڈنیٹرز فوری طور پر اپنے عہدوں سے علیحدہ ہو جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ نان فائلرز اپنے بجلی کے بلوں میں ایڈوانس انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ تاجر کسی صورت میں مزید ایڈوانس انکم ٹیکس جمع نہیں کرائیں گے، اس اسکیم سے ایف بی آر میں کرپشن کے راستے کھلیں گے۔تاجر رہنماں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں احتجاج کی کال اور شٹر ڈاون کی تاریخ کے لئے پاکستان بھر کے نمائندوں سے مشاورت جاری ہے۔ جس کا اعلان چند یوم میں کر دیا جائے گا۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئی مخصوص لابی ملک کے معاشی حالات خراب کرنے کی سازش کر رہی ہے۔
17