اسلام آباد(تہذیب ڈیجیٹل میڈیا) جرمنی میں پاکستانی سفارت خانے پر مشتعل مظاہرین کے حملے اور قومی پرچم اتارنے کے واقعے کے خلاف وفاقی کابینہ کے ارکان کی جانب سے حرمت پرچم مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔وفاقی وزرا نے پاکستانی پرچم کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کر دیں جبکہ وزرا نے قومی پرچم سے والہانہ محبت کے پیغامات بھی تحریر کیے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا سردار اویس لغاری، عبدالعلیم خان، رانا تنویر، عطااللہ تارڑ سمیت دیگر وزرا نے بھی قومی پرچم کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کر دیں۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ چاند روشن چمکتا ستارہ رہے، سب سے اونچا یہ جھنڈا ہمارا رہے، پاکستان کے دشمنوں کو واضح پیغام۔ڈاکٹر مصدق ملک، علی پرویز ملک اور جام کمال خان نے بھی قومی پرچم اور پاکستان زندہ باد کے پیغام کے ساتھ تصاویر جاری کیں۔وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ سیاسی کارکن، صحافی، دانشور، اساتذہ، وکلا، ڈاکٹر، کسان، مزدور، طالب علم، کاروباری حضرات، بیرون ملک محب وطن پاکستانی اور پاکستانی نوجوان حرمت پرچم مہم کا حصہ بنیں۔ پاکستان کا پرچم ہماری قومی شناخت اور خودمختاری کی علامت ہے۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی پرچم قوم کے اتحاد اور یکجہتی کی نمائندگی کرتا ہے، اگست پاکستان کی آزادی کا مہینہ ہے لہذا رمت پرچم کی اس مہم کو مسلسل جاری رکھیں گے۔ حرمت پرچم قومی ذمہ داری ہے اور ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اس پر عمل کرے۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وفاقی وزرا کی حرمت پرچم مہم کو خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
17