اسلام آباد(تہذیب ڈیجیٹل میڈیا) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے حوالے سے پلان بی شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنان کو مری روڈ پہنچنے کی ہدایت کردی۔ جماعت اسلامی کے مہنگائی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ڈی چوک پر دھرنے کو روکنے کیلیے پولیس نے نقص امن کے خطرے کے پیش نظر ڈی چوک جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا جبکہ متعدد کارکنان کو اسلام آباد سے گرفتار بھی کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق اب تک جن افراد کو گرفتار کیا ہے ان میں سے کسی بھی فرد کی گرفتاری نہیں ڈالی گئی، نقص امن خراب کرنے اور عوام کا راستہ بند کرنے پر حراست میں لیا، پریس کلب کے سامنے اس وقت تک کوئی بھی مظاہرہ کرنے نہیں پہنچا، پولیس کی پریزن وین اور نفری پریس کلب کے باہر لگائی گئی ہے۔دھرنے میں لوگوں کو پہنچنے سے روکنے کے لیے شہر کے داخلی راستوں پر بھی کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر ٹریفک کے لیے صرف ایک لائن کھلی رکھی گئی جس کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگیں اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔فیض آباد پر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا جبکہ وہاں واٹر کینن اور آنسو گیس سے لیس پولیس کی نفری جبکہ قیدی وینز بھی پنہچائی گئیں۔
15