23

16 ماہ میں دہشتگردی کے 2075 واقعات، 1215 افراد شہید اور 2600 زخمی ہوئے

وزارت داخلہ نے اس حوالے سے قومی اسمبلی کے ایوان میں تفصیلات پیش کردیں

اسلام آباد(تہذیب ڈیجیٹل میڈیا) وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 16 ماہ کے دوران دہشت گردوں کے 2075 واقعات میں 1215 افراد شہید اور 2600 زخمی ہوگئے۔ وزارت داخلہ نے اس حوالے سے قومی اسمبلی کے ایوان میں تفصیلات پیش کردیں جس میں بتایا ہے کہ سال 2023 میں دہشت گرد حملوں میں 930 افراد شہید اور 2 ہزار زخمی ہوئے، سال رواں کے ابتدائی چار ماہ میں 285 افراد شہید اور 600 افراد زخمی ہوئے۔ملک بھر میں گزشتہ 16 ماہ کے دوران دہشت گردی کے 2075 واقعات رپورٹ ہوئے۔ خیبر پختون خوا میں 1140 دہشت گردی کے واقعات میں 756 افراد شہید ہوگئے اور ایک ہزار 786 افراد زخمی ہوئے۔بلوچستان میں دہشت گردی کے 626 واقعات میں 423 افراد شہید اور 734 افراد زخمی ہوئے۔ سندھ میں دہشت گردی کے 19 واقعات میں 16 ماہ کے دوران 14 افراد شہید اور 36 افراد زخمی ہوئے۔پنجاب میں 16 ماہ کے دوران دہشت گردی کے آٹھ واقعات میں 12 افراد شہید اور 11 زخمی ہوئے۔ گلگت بلتستان میں دہشت گردی کے تین واقعات میں 9 افراد شہید اور 26 زخمی ہوگئے۔ خیبرپختون خوا میں 16 ماہ کے 1140 اور بلوچستان میں 898 واقعات رپورٹ ہوئے۔وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں امن و امان کی صورت حال بگڑ رہی ہے، افغانستان سے اتحادی فوج کی واپسی پر دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، دہشت گردی کے واقعات میں سرحد پار سے معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ سائبر اسپیس کے استعمال نے دہشت گرد تنظیموں کی رسائی میں اضافہ کیا۔وزارت داخلہ نے ایوان کو بتایا ہے کہ رواں سال پہلی سہ ماہی کے دوران 2208 انٹیلی جنس بیسڈ اپریشن کیے گئے ان میں 89 دہشت گرد مارے گئے اور 328 گرفتار کرلیے گئے، قومی پالیسی برائے انسداد و تشدد و انتہا پسندی کا مسودہ تیار کرلیا ہے جس کے لیے کابینہ سے منظوری کا انتظار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں